تفصیلات کے مطابق 31 دسمبر 2019 یعنی منگل کے بعد ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے تمام فونز پر واٹس ایپ کام نہیں کرے گی۔ ایسے افراد کو ونڈوز فونز کی جگہ اینڈرائیڈ 4.0.3 یا آئی فون آئی او ایس 9 یا اس سے کے بعد کے ورژن وغیرہ پر کام کرنے والے فونز لینا ہوں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق ونڈوز فونز میں اب وہ اہلیت نہیں رہی جو مستقبل میں اس ایپ میں متعارف کرائے جانے والے فیچرز کے لیے ضروری ہو گی۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے کئی ماہ پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ 31 دسمبر 2019 کو تمام ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز کو سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔
واٹس ایپ کی جانب سے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ اس کے ڈیڑھ ارب سے زائد میں سے بمشکل چند کروڑ افراد کو ہی متاثر کر سکے گا کیونکہ بیشتر افراد اب اینڈرائیڈ یا آئی فون استعمال کر رہے ہیں۔
ونڈوز فونز سے پہلے واٹس ایپ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10، نوکیا ایس 40، نوکیا سامبا ایس 60، اینڈرائیڈ 2.1، اینڈرائیڈ 2.2، ونڈوز فون 7، آئی فون تھری جی/آئی او ایس سکس کے لیے سپورٹ ختم کر چکی ہے۔ پرانے اینڈرائیڈ اور آئی فونز پر بھی سپورٹ ختم کی جا رہی ہے۔
واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق یکم فروری 2020 سے ان تمام آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی جو آئی او ایس 8 آپریٹنگ سسٹم پر چل رہے ہوں گے جو کہ 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اگر صارفین آئی او ایس کے نئے ورژن کو اپ ڈیٹ کر لیں تو وہ واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔
اس سے پہلے یہ کمپنی اعلان کرچکی ہے کہ یکم فروری 2020 سے اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے سمارٹ فونز کے لیے بھی واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔