نیب ذرائع کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایل ڈی اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق 21 سالہ پرانی انویسٹی گیشن بند کر دی گئی ہے۔ سابق ڈی جی نیب سلیم شہزاد نے حتمی منظوری کے لئے فائل چیئرمین نیب کو بھجوا رکھی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے انکوائری رپورٹ میں انوسٹی گیشن بند کرنے کی سفارش کی تھی۔ ریجنل بورڈ میٹنگ میں پراسکیوشن ونگ نے بھی انوسٹی گیشن بند کرنے کی سفارش پر عملدرآمد کرنے کی تجویز دی۔
نواز شریف کے خلاف 3 اپریل 2000 کو شکایت موصول ہوئی۔ سابق وزیراعظم سمیت 13 افراد کے خلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کے خلاف انکوائری شروع کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اس کیس میں میاں محمد نواز شریف، چودھری عبدالرحمٰن، فرید الدین احمد، سید علی کاظم، محمد اشفاق، احسان الحق، سید حسنات احمد، کرنل (ر) غضنفرعلی خان، محمد خان، محمد جاوید، محمد سرور، رکن الدین، ناظم علی شاہ اور خالد اختر وغیرہ شامل تھے۔