یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا ہم تو چاہتے ہیں کہ عدالت نواز شریف کو واپس لانے کے اقدامات کرے۔ ہماری درخواست یہ ہے کہ ان کے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو لگتا ہے وہ ڈوب رہے ہیں تو سارا پاکستان ہی ڈوب رہا ہے۔ ان کے پاس دو ہی آپشنز ہیں لندن جائیں یا پھر جیل جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان تین سالوں میں 32 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے، عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست کرنے کا حق سب پارٹیز کو ہے۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) قومی سیاست کریں۔ اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں میدان میں آئے گی تو ہم ان سے بات کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو لاہور آنا چاہتے ہیں تو آئیں، 10 مرلے کے گھر میں ان کا جلسہ ہو جائے گا۔