عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود انتخابات نہ کرا کر الیکشن کمیشن نے خود کو حکومت کی بی ٹیم ثابت کیا۔
عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام سے خوفزدہ ہو چکی ہے اور بلدیاتی سمیت تمام الیکشنز سے فرار اختیار کر رہی ہے۔ ووٹ بنیادی جمہوری حق ہے اور پی ٹی آئی اس کے لیے جدوجہد کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخاب نہ کرانے کو عدالتی حکم کی کھلی توہین قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ اسد عمر نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہی ہے جس میں جمہوریت ہو مگر کوئی الیکشن نہ ہو۔ یہ حکومت جمہوریت کا جنازہ نکال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ سے خوفزدہ حکومت اپنے کٹھ پتلی الیکشن کمشنر کے ساتھ مل کرعوام اورآئین کا مذاق اڑا رہی ہے۔ عدالت اپنے فیصلے پر عملدرآمد کروائے اور توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل تاحال شروع نہ ہو سکا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 31 دسمبر کو ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد رات گئے تک الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس جاری رہا۔ الیکشن کمیشن حکام کوئی فیصلہ کئے بغیر گھروں کو چلے گئے۔ تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لئے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔ نہ پولنگ اسٹیشنز کھلے اور نہ ہی پولنگ کا عملہ پہنچا ۔ پولنگ اسٹیشنز بند ہونے پر ووٹرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔