آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر نے منگل کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئیز، وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر نے منگل کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت نویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے مشن کو مالیاتی اور اقتصادی اصلاحات اور حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات بشمول مالیاتی فرق کو کم کرنے، شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےوفد کو بتایا کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے خطرے کو دور کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت موجودہ پروگرام کو بھی مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسحاق ڈار نے مشن کے لیے اپنی تمام تر حمایت کو مزید بڑھایا اور توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 9ویں جائزے کی تکمیل کے لیے آئی ایم ایف کی ضروریات پوری کرے گی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر اپنی پیش رفت کو جاری رکھنے کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان مالیاتی اصلاحات پر مل کر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات آج سے شروع ہو گئے جو جمعے تک جاری رہیں گے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پھر 9 فروری تک پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔ جن میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی شرکت کریں گے۔