میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر ٹی ٹی پی کا حملہ؛ پنجاب پولیس نے حملہ ناکام بنا دیا

07:08 PM, 31 Jan, 2023

نیا دور
کالعدم تحریک طالبان پنجاب نے منگل کی شام ضلع میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر انتہائی جدید اسلحے کے ساتھ حملہ کیا لیکن پنجاب پولیس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس کے واٹس ایپ گروپ میں موصول ہونے والی ایک آڈیو کے مطابق مقامی پولیس کو دہشت گردوں کے ممکنہ حملے کی اطلاع پہلے سے موصول ہو چکی تھی۔ پولیس ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لئے اسلحے سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ پوری طرح چوکنا تھی۔

سوشل میڈیا پرگردش کرتی ہوئی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

دوسری طرف سوشل میڈیا پر ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں نے تھانہ مکڑوال پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے حملہ کیا ہے جس میں کافی ساری ہلاکتوں کا امکان ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ تھانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ٹی ٹی پی کے جنگجو بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے پنجاب پولیس کودہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں پولیس لائنز میں واقع ایک مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے جب کہ 53 افراد زخمی تھے جن میں سے سات ICU میں ہیں۔
مزیدخبریں