توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری دیدی

فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچی تو نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی جس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو جیل میں الگ الگ سیلز میں رکھا جائے گا۔

11:33 AM, 31 Jan, 2024

نیا دور

بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے   توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا ہونے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر خود گرفتاری دے دی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی میں سزا کا فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ کیس میں 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جب کہ عدالت نےعمران خان کا 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچی تو نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی جس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو جیل میں الگ الگ سیلز میں رکھا جائے گا۔

پولیس کی جانب سے حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ جیل کے فرنٹ، عقب اور اطراف میں مزید سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے اطراف گشت کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ سینئر افسران وقتاً فوقتاً سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جیل انتظامیہ کو تین دن کے اندر جیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے  سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا ہے۔  حکام کا کہنا ہے کہ  دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کےآفیشل نمبر پر کی گئی۔

راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

مزیدخبریں