این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن: 10 پریزائیڈنگ افسران مشکوک جگہ پر تھے، الیکشن کمیشن

06:33 PM, 31 Mar, 2021

نیا دور
الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے انکشاف کیا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 10 پریزائیڈنگ افسران مشکوک جگہ پر تھے۔

سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے کیس میں الیکشن کمیشن نے 20 لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کی لوکیشن کا ریکارڈ جمع کرادیا۔

ای سی پی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ 20 پریزائیڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی  سے لوکیشن جیو فینسنگ ریکارڈ طلب کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 20 میں سے 10 پریزائیڈنگ افسران کی لوکیشن ایک مشکوک جگہ پر ٹریس ہوئی۔ ای سی پی نے لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کی مشکوک لوکیشن کے نقشہ جات بھی عدالت میں جمع کروادیے۔

ای سی پی نے عدالت کو بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران نے ریٹرننگ افسر کے آفس پہنچنے کے لیے متبادل لمبا روٹ اختیار کیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ معاملے کے فیصلے کے لیے دستاویز کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی اور 2 افراد کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں الیکشن کالعدم قرار دیا ہے جس پر پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جسے عدالت مسترد کرچکی ہے۔

 
مزیدخبریں