نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی عسکری حکام سے ملاقات میں سول اور عسکری حکام نے اگلے عام انتخابات پربیک ڈورمذاکرات شروع کرنے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کو ایسا آپشنز دینے پر غور کیا گیا جو دونوں سیاسی فریقین ( حکومت اور اپوزیشن) کو قبول ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان کے وزیراعظم رہنے کے دورانیے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کی گئی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کے اعتراضات دور کرنے اور حکومت اور اپوزیشن کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لئے فیس سیونگ معاہدے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ فیس سیونگ معاہدے کے مطابق قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں عام انتخابات کا اعلان کیاجائے گا جبکہ عام انتخابات کے انعقاد اور عبوری حکومت کی مدت پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس اہم بیٹھک میں یہ بھی طے پایا کہ حزب اختلاف کے رضا مند ہونے تک کوئی چیز حتمی نہیں ہو گی، حکومت اور حزب اختلاف کے اتفاق کے بعد مکمل پیکیج پارلیمنٹ میں لایا جائے گا، اتفاق نہ ہونے پر تحریک عدم اعتماد کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔