اپوزیشن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا

08:02 AM, 31 Mar, 2022

نیا دور
متحدہ اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بعد اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے پہلے ہی وزیر اعلیٰ کے لیے اپنا امیدوار لانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد حزب اختلاف پنجاب اسمنلی حمزہ شہباز نے پارلیمانی پارٹی کے اہم رہنماں کو مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسودہ تیار ہوتے ہی قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پیش کیا جائے گا، حتمی منظوری کے بعد تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیش ہو گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیے جانے کے بعد عثمان بزدار نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ارسال کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ اسپیکر پرویز الٰہی تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے پر رہتے ہوئے ہی وزیراعلیٰ کا ووٹ لیں گے، اعتماد کا ووٹ مل جانے کی صورت میں اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونگے۔
مزیدخبریں