جام عبدالکریم کو جب تک عدالت سزا نہیں دیتی، وہ ملزم ہیں مجرم نہیں: سعید غنی

12:30 PM, 31 Mar, 2022

عبداللہ مومند
سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں عدالتیں اور قانون موجود ہے۔ اگر کسی کے اوپر الزام ہے، اسے میں اور آپ سزا نہیں دے سکتے۔ جو طریقہ کار جام عبدالکریم نے اپنایا وہ قانون کے مطابق ہے۔ عدالت نے ہی آج ان کی ضمانت منظور کی ہے۔ جب تک عدالت سزا نہیں دے دیتی وہ ملزم ہے مجرم نہیں۔

نیا دور سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں عدالتیں بھی ہے اور قانون بھی موجود ہے اور ہر شخص کو عدالتوں کے ذریعے قانونی ریلیف لینے کا حق ہے۔ اگر کسی کے اوپر الزام ہے تو اسے ہم سزا نہیں دے سکتے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو طریقہ کار جام عبدالکریم نے اپنا وہ عین قانون کے مطابق ہے۔ عدالتوں نے ہی انھیں پاکستان واپس آنے کی اجازت دی اور عدالت نے ہی ان کی ضمانت بھی منظور کی ہے۔ جب تک جام عبدالکریم پر الزام ثابت نہ ہو اور عدالت انھیں سزا نہیں دے دیتی، تب تک وہ ملزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب اس پورے کیس کو فالو کیا جائے تو آپ دیکھیں گے کہ جب یہ واقعہ ہوا تو پوری پیپلز پارٹی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت اس مدعی خاندان کیساتھ کھڑی رہی، جن کا فرد قتل ہوا تھا۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1509497911914242053?s=20&t=ySGzoyIjTckp0ZZt5kM5vQ

صوبائی وزیر نے کہا کہ میں آج بھی چیلنج کرتا ہوں، میڈیا ان کے خاندان کے افراد سے جا کر بات کرے، ہماری جانب سے کوئی ایک وزیر نے بھی جا کر ان سے کہا ہو کہ جام عبدالکریم کو معاف کر دیں یا کیس پر ہاتھ ہلکا کر دیں تو پھر شاید ہم ان کے مجرم ہیں لیکن ہم نے ہر وہ کام کیا جو مقتول جام جوکھیو کا خاندان چاہتا تھا۔ جس سے ان کی تسلی اور تشفی ہو سکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مظلوم خاندان کیساتھ پہلے بھی کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں۔ لیکن اگر کوئی شخص قانون کے مطابق عدالت میں جاتا ہے، ضمانت لیتا ہے اور پاکستان آتا ہے اور ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی پیشکش کرتا ہے تو اسے پیپلز پارٹی کے گلے میں ڈالنے کی کوشش کرنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں وزیروں کیخلاف مقدمات ہوئے تو وہ جیلوں میں پڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا اور قانون کے مطابق ہی فیصلے کئے ہیں۔

 
مزیدخبریں