اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی کے مزید سابق وزرا اور ایم پی ایز کو طلب کر لیا

09:28 AM, 31 Mar, 2023

حسن نقوی
محکمہ اینٹی کرپشن کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے مزید رہنماوں، سابق صوبائی وزرا اور ایم پی ایز کے خلاف کارروائیاں جاری، سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو، سابق ایم پی اے ملک عمر فاروق، شکیل شاہد، سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد اور سابق ایم پی اے لطیف نذر کو کرپشن تحقیقات کے لیےطلب کر لیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد نے سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد، خیال احمد کاسترو، سابق ایم پی ایز محمد لطیف نذر، ملک عمر فاروق، شکیل شاہد کے خلاف تحقیقات کا آغاز  کر دیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن  کے مطابق سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد کا پبلک ہیلتھ انجینرنگ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، ہائی وے ڈویژن میں گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ سابق صوبائی وزیر حافط ممتازاحمد نے ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، لوکل گورنمنٹ، کمیونیٹی ڈویلپمنٹ میں گھپلے کئے۔ حافظ ممتاز احمد نے اپنے حلقے میں 268 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔

سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو نے اپنے حلقے میں 151 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔ خیال احمد کاسترو پر ہوم اکنامکس کالج کی تعمیر، بورے والا کرکٹ گراونڈ، ریجنل بلڈ سنٹر کی تعمیر میں گھپلے کا الزام بھی ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق ایم پی اے محمد لطیف نذر نے اپنے حلقے میں 123 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔ محمد لطیف نذر نے تمام ترقیاتی سکیموں کے ٹھیکے من پسند اور فرنٹ مین کو دیے۔ لطیف نذر نے ٹھیکے مارکیٹ ریٹس سے زیادہ قیمت پر دیے۔ لطیف نذر کی تمام ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونیوالا میٹریل ناقص ہے۔ لطیف نے تمام پیسے ہڑپ کر لیے مگر منصوبے نامکمل ہیں۔

سابق ایم پی اے ملک عمر فاروق نے اپنے حلقے میں 197 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔ ملک عمر فاروق نے ٹھیکے من پسند افراد کو دیکر کروڑوں روپے کمیشن وصول کیا ۔

سابق ایم پی اے شکیل شاہد نے اپنے حلقے میں 177 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔ شکیل شاہد نے پیسے ہڑپ کر لیے مگر بیشتر سکیمیں نامکمل ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد نے سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو، سابق ایم پی اے ملک عمر فاروق، شکیل شاہد کو تین اپریل کو جبکہ سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد، سابق ایم پی اے لطیف نذر کو چار اپریل کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ 29 مارچ کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے پی ٹی آئی کے کئی صوبائی وزرا اور ارکان پنجاب اسمبلی کو طلبی کے لئے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمد فاروق اعظم ملک، سابق ایم پی اے چوہدری محمد احسان الحق، سابق ایم پی اے صاحبزدہ محمد غنی عباسی، سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل کو طلب کیا گیا تھا۔
مزیدخبریں