وزیراعظم ہائوس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے نہایت اہم ملاقات کی جس میں پاک افغان دو طرفہ تعلقات کے علاوہ خطے کی مجموعی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
https://twitter.com/PTIofficial/status/1134445076329971713
قبل ازیں، وزیراعظم نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے وسیع تر دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل بھی زیربحث آئے۔
دونوں رہنمائوں نے تمام شعبوں میں وسیع تر تعاون کے فروغ اور دوطرفہ سیاسی رابطوں اور تبادلوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج مکہ المکرمہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے 14 ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
https://twitter.com/PTIofficial/status/1134437592089485312
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی میزبانی میں ہونے والے سربراہی اجلاس کا موضوع ’’مکہ مکرمہ اجلاس، مستقل کی جانب ہم قدم‘‘ تھا جس میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجوں پر یکساں موقف اپنانے پر غور کیا گیا۔
دریں اثناء، وزیراعظم عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی اور وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور امت مسلمہ، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وہ سعودی عرب میں مدینہ منورہ آمد کے دوران روضہ رسول ﷺ پر بھی حاضر ہوئے اور انہوں نے مسجد نبوی ﷺ میں نوافل بھی ادا کیے۔