سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر اپیلوں کی سماعت کیلئے 13 رکنی فل کورٹ تشکیل دے دیا جبکہ اپیلوں پر سماعت 3 جون کو ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تمام دستیاب ججز پر مشتمل بینچ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین بینچ کا حصہ ہوں گے۔
اس کے علاوہ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سادات خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بینچ کا حصہ ہوں گے۔ جبکہ جسٹس مسرت ہلالی علالت کے باعث دستیاب نہیں ہوں گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جسٹس مسرت ہلالی دل کی تکلیف کے باعث بینچ میں شامل نہیں ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ گذشتہ سماعت پر معطل کیا تھا۔ معاملے پر لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ کمیٹی کو بھجوایا گیا تھا۔ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر فل کورٹ تشکیل دینے کا فیصلہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے کیا۔
سپریم کورٹ نے مخصوص سیٹوں پر الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا تھا۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کومعطل کررہے ہیں۔ فیصلوں کی معطلی صرف اضافی سیٹوں کو دینےکی حدتک ہوگی۔ عوام نے جوووٹ دیااس مینڈیٹ کی درست نمائندگی پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔