Type to search

انٹرٹینمنٹ خبریں خواتین میڈیا

ملاقات کے عوض پیسوں کی پیش کش پر مریم نفیس کا جواب ’اداکارہ ہوں، جسم فروش نہیں‘

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نفیس نے خود کو ہراساں کرنے والے شخص کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے پیغامات کے سکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے ہیں۔

اداکارہ مریم نفیس نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خود کو ہراساں کرنے والے شخص کی جانب سے واٹس ایپ پر بھجوائے گئے پیغامات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ مریم نفیس نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اداکارہ ہیں، جسم فروش نہیں‘۔

مریم نفیس نے سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انجان شخص کی جانب سے ملاقات کے عوض پیسوں کی پیش کش کے پیغامات ان کی ذہنی صحت کو متاثر کر رہے ہیں اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایسے بیمار ذہنیت والے افراد کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ ان کا کام ہی یہی ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے کوشش کی کہ وہ ایسے نامناسب پیغامات کے جوابات سے منہ موڑ لیں مگر ان کے پاس ان پیغامات کے سکرین شاٹ شیئر کرنے کے علاوہ کوئی بھی راستہ نہیں تھا۔ اداکارہ نے کیپشن میں واضح کیا کہ وہ اداکارہ ہیں، کوئی جسم فروش نہیں۔ اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے سکرین شاٹ میں مذکوہ شخص کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا ہے۔

پیغامات بھیجنے والے مرد نے اپنا تعارف کرانے سمیت اداکارہ کو بتایا کہ وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور اگر وہ انہیں اپنے مینیجر کا نمبر فراہم کریں تو وہ ان سے معاملات طے کرنے کو تیار ہے۔ سکرین شاٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ پیغام بھیجنے والے شخص نے اداکارہ کو بتایا کہ وہ انہیں نہیں جانتیں مگر بطور اداکارہ وہ ان سے واقف ہیں اور ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شخص نے اداکارہ کو پیغام بھیجا کہ وہ ان کے ساتھ کچھ گھنٹے گزارنا چاہتا ہے اور وہ اس کے بدلے اداکارہ کو ڈھائی سے 3 لاکھ روپے تک کی رقم بھی فراہم کر سکتا ہے۔

 

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *