Type to search

انٹرٹینمنٹ خبریں قومی میڈیا

لاہور: اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی نے شادی کر لی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو معروف اداکار منظر صہبائی اور اداکارہ ثمینہ احمد نے شادی کر کے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا۔ دونوں اداکاروں نے رواں ماہ 4 اپریل کو لاہور میں شادی کی مختصر تقریب منعقد کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثمینہ احمد نے واضح کیا کہ ان کی شادی کی تقریب میں صرف ان کی اور منظر صہبائی کی فیملی شامل تھی اور کسی کو مدعو نہیں کیا گیا۔ اس دوران ثمینہ احمد سفید رنگ کی ساڑھی میں نہایت خوبصورت نظر آئیں، دوسری جانب منظر صہبائی نے بھی سفید جوڑا زیب تن کیا۔

واضح رہے کہ یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

70 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا۔ وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا۔ جبکہ وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

دوسری جانب 70 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ ڈراموں کی بات کی جائے تو حال ہی میں سامنے آئے ڈرامے ’الف‘ میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *