Type to search

خبریں سیاست قومی

شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اور انھیں جیل جانا ہے، شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پولیس پیچھے لگی ہو تو سیاستدان خود گرفتاری دے دیتے ہیں لیکن شہباز شریف نیب کے چھاپے کے وقت گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے۔

شیخ رشید کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ شہباز شریف پچ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں، ان کا کیس سنجیدہ ہے اور انھیں جیل جانا ہے۔ شہباز شریف مفاہمتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں، نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے، یہ کیا لیڈر شپ دیں گے؟ یہ نالائق، نااہل، نکھٹو اور بزدل ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں۔

ملک میں پیٹرول کی قلت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ پیٹرول سستا ہو کر دوبارہ مہنگا ہونے جا رہا ہے اس لیے ذخیرہ اندوز انتظار کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی رپورٹوں پر کچھ ریگ مال ضرور پھیرا گیا ہے، لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ جو چلا گیا، چلا گیا، جان چھڑاؤ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے، ان کی کمپنی پر ریجیکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے، کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں، یہ خاندان چینی سکینڈل میں بھی نہیں بچے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ باہر زندگی گزارنا مشکل کام ہے، یہ ویسے ہی تصویروں میں واک، چائے نظر آتی ہے، حقیقت میں تو ان کے رِنگ پسٹن خراب ہو چکے، انجن دھواں دے رہا ہے، تصویر پر نہ جائیں، نواز شریف سے کوئی پوچھے ان پر کیا گزر رہی ہے۔

آٹے اور چینی بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی، وزیراعظم عمران خان چینی مافیا کو کیفر کردار تک پہنچانے پر تلے بیٹھے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سٹیل ملز میں حکومت وہی کرے گی جو سپریم کورٹ کا فیصلہ ہو گا۔

Tags:

You Might also Like

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *