Type to search

احتجاج بین الاقوامی جرم خبریں

ہسپتال انتظامیہ نے بل ادا نہ کرنے پر عمر رسیدہ شخص کو بیڈ سے باندھ دیا

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع شاجاپور کے ایک نجی ہسپتال انتظامیہ نے بل ادا نہ کر پانے پر 80 سالہ بزرگ کو رسیوں میں جکڑ کر بیڈ سے باندھ دیا۔

نجی ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بزرگ شخص کو رسیوں اور زنجیروں سے باندھنے کی ویڈیو گذشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریاست کے وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تفتیش کا حکم دے دیا۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں 80 سالہ بزرگ شخص کو نجی ہسپتال کے بسترے سے باندھے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ ویڈیو میں ہسپتال کے بسترے سے بندھے ہوئے بزرگ شخص کی شناخت ریاست کے ضلع راج گڑھ کے رہائشی کے طور پر ہوئی، جنہیں پیٹ میں تکلیف کے باعث مذکورہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

بزرگ شخص کی بیٹی نے دعویٰ کیا کہ دوران علاج انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مزید 5 ہزار روپے بھی ادا کیے اور جب ان کے والد کی صحت بہتر ہوئی تو انہوں نے انتظامیہ کو بولا کہ ان کے پاس علاج کے لیے مزید پیسے نہیں، اس لیے انہیں اجازت دی جائے۔ جس پر ہسپتال انتظامیہ نے انہیں ڈسچارج فائل دیے بغیر 1127 روپے مزید جمع کروانے کو کہا اور ان کی جانب سے انکار کے بعد ان کے والد کو پکڑ کر بسترے کے ساتھ باندھ دیا گیا۔

بزرگ شہری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں نے ہسپتال انتظامیہ کے عمل کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ شوراج سنگھ چوہان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں تفتیشی کمیٹی بنا کر معاملے کی تفتیش کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

آخری اطلاعات کے مطابق ہسپتال میں باندھے جانے والے بزرگ شخص کو بعد ازاں ڈسچارج کر دیا گیا تھا اور وہ طبیعت بہتر ہونے کے بعد آبائی گاؤں جا چکے تھے اور اب تفتیشی ٹیم ان کے گاؤں جا کر ان کا بیان ریکارڈ کرنے سمیت معاملے کی مزید تفتیش کرے گی۔ 

Tags:

You Might also Like

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *