Type to search

حکومت خبریں قومی

حکومت کا تمام ایئرپورٹس پر 9 اگست سے بین الاقوامی پروازوں کو بحال کرنے کا اعلان

حکومت نے ملک میں کرونا کیسز اور اموات کم ہونے پر عالمی وبا کے باعث عائد متعدد پابندیوں کو گذشتہ روز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب پاکستان میں تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کو مکمل طور پر دوبارہ بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ 9 اگست کی رات 12 بجے سے آپریشنز کا دوبارہ آغاز ہوگا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ حکومت پاکستان تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی مسافر آپریشنز بحال کر رہی ہے، جیسے کرونا وائرس سے پہلے بحال تھے۔ تاہم بین الاقوامی پرواز کو طے شدہ ہدایات اور قابل اطلاق معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

نوٹم میں ہے کہ قابل اطلاق ایس او پیز کے مطابق پاکستان جانے یا آنے والی بین الاقوامی کارگو اور خصوصی فلائٹ آپریشن بھی بحال ہوں گے۔

ایک اور نوٹم میں سی اے اے نے کہا کہ ہر طرح کے مقامی مسافروں کو تمام ایئرپورٹس پر جانے اور آنے کی اجازت ہوگی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی ایوی ایشن ڈویژن نے اعلان کیا تھا کہ 6 اگست کی رات 12 بجے سے ملک کے تمام ایئر پورٹس سے مقامی پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر نے کہا کہ تمام آپریٹرز کو قائم کردہ گائیڈ لائنز، ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہوگی اور وہ مجاز اتھارٹی سے پیشگی شیڈول منظوری حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارگو خصوصی پروازیں اور نجی ہوائی جہاز کے آپریشن بھی تمام ایئرپورٹس کے لیے دستیاب ہوں گے جو متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کے تحت ہوں گے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان نے 21 مارچ کو تمام بین الاقوامی پروازیں اور 26 مارچ کو مقامی پروازیں معطل کردی تھیں۔

Tags:

You Might also Like

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *