Type to search

خبریں سیاست

پاک فوج سے زیادہ مقبول کوئی سیاسی جماعت نہیں: میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان

پاکستان فوج کے سابق میجر جنرل اور دفاعی تجزیہ نگار اعجاز اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان فوج سے زیادہ مقبول کوئی سیاسی جماعت نہیں جسے 85 فی صد سے زائد عوام کی حمایت حاصل ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’آواز‘ میں میزبان علی حیدر کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے سابقہ ادارے کو زبردستی سیاسی معاملات میں گھسیٹا جارہا ہے۔ تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر بھی اس ادارے کے وقار کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔

ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ ماضی کے حالات اور آج کے حالات مختلف ہیں۔ ماضی میں فوج نے اس لئے مارشل لاء لگایا کیونکہ افواج پاکستان اور حکومت وقت کے تعلقات درست سمت میں نہیں جا رہے تھے۔ اسی لئے جنرل ایوب، جنرل ضیاءالحق اور پرویز مشرف نے سیاست میں مداخلت کی جب کہ آج حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے پر اپوزیشن اپنی کرپشن اور ناکامیاں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سوچتی ہے کہ دھرنے اور احتجاج سے حکومت گر سکتی ہے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی سیاسی جماعت یا اپوزیشن نے حکومتوں کے تختے نہیں الٹائے بلکہ آرمی نے ہی مداخلت کر کے سول حکومتوں کو گرایا ہے۔

یاد رہے کہ اسی پروگرام کے پہلے حصے میں مولانا عبدالغفور حیدری نے انکشاف کیا تھا کہ آزادی مارچ کے دنوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں کہا تھا کہ ہم نواز شریف کے ساتھ جو کچھ بھی کر رہے ہیں آپ یا آپ کی سیاسی جماعت اس میں مداخلت نہ کرے۔

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *