Type to search

خبریں

کابل ایئرپورٹ دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی

کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر 2 خودکش دھماکوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 90 افراد ہلاک اور 150  زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 2 خود کش دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ ایک دھماکا ایئرپورٹ کے مرکزی دروازے پر ہوا جب کہ دوسرا دھماکا قریبی ہوٹل کے باہر ہوا جہاں برطانوی فوجی اور حکام مقیم تھے۔

خود کش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہوگئی ہے جب کہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔ دھماکے میں 13 امریکی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جب کہ 28 طالبان بھی دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔

دولت اسلامیہ نے دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی

سی این این کے مطابق دولت اسلامیہ خراسان نے کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ اپنے ٹیلی گرام چینل پر دیئے گئے پیغام میں کیا ہے۔ شدت پسند گروپ کا کہنا ہے کہ ایک خود کش بمبار نے افغان اور امریکی فوجیوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا۔

خود کش دھماکوں میں کم ازکم 13 امریکی فوج ہلاک، 15 زخمی

ینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے دھماکوں میں 13 امریکی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 5 اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت اہل خانہ کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔

یہ افغانستان میں 20 سالہ جنگ میں کسی ایک دن میں مارے گئے امریکی فوجیوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل 2011 میں ہیلی کاپٹر پر حملے میں 30 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جو کہ ایک دن میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

طالبان کے 28 جنگجو بھی دھماکوں میں ہلاک ہوئے 

ترجمان طالبان نے تصدیق کی ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے خود کش دھماکوں میں ایئرپورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالنے والے 28 جنگجو بھی ہلاک ہوئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔

طالبان نے ایئرپورٹ پر ناقص سیکیورٹی کی ذمہ داری امریکا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی امریکی اہلکاروں کے پاس تھی جو لوگوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔

داعش مزید حملے کرسکتے ہیں، امریکا

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ داعش افغانستان میں امریکی فوجیوں اور شہریوں پر مزید حملے کرسکتے ہیں اس لیے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا تاہم امریکی صدر نے انخلا کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

آبدیدہ امریکی صدر کا بدلہ لینے کا اعلان 

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے خطاب میں کابل ایئرپورٹ پر خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دھماکوں میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن آبدیدہ ہوگئے۔

امریکی صدر نے ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کو ہیرو قرار دیتے ہوئے حملوں کے ذمہ داروں سے بدلے لینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ حملے منصوبہ سازوں کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔ صدر جوبائیڈن نے انخلا کا مشن جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو طالبان کے کابل فتح کرنے کے بعد سے افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے لیے کام کرنے والے افغان شہریوں کی اہل خانہ کے ہمراہ ملک چھوڑنے کا عمل جاری ہے اور انخلا کا یہ عمل کابل ایئرپورٹ سے کیا جا رہا ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہریوں کا مجمع ہوجاتا ہے

Tags:

You Might also Like

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *