پاکستان میں یومیہ کے حساب سے کرونا کیسز میں اضافہ: گزشتہ روز 752 نئے کیسز سامنے آئے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 33865 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 752 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 9 افراد انتقال کرگئے۔ گزشتہ تین روز کے دوران پاکستان میں کرونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 4386 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6408 تک جا پہنچی ہیں۔

 

سرکاری اعداد و شمار کے  مطابق سندھ میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 133125 ہوگئی ہے جب کہ 2455 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 98142 ہے اور 2225 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 13991 اور ہلاکتیں 145 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 37242 اور 1257 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 2472 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 66 افراد انتقال کرگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 514 مریض کرونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا کے مریضوں کی تعداد 3381 اور 80 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 16033 ہے اور اب تک 180 مریض انتقال کرچکے ہیں۔