سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر نہیں مانتے، اپنا اپوزیشن لیڈر لائیں گے: ن لیگ، جے یو آئی ایف

 

(ن) لیگ اور جے یو آئی نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نہ ماننے پر اتفاق کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران کہا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے رویہ سے مایوس ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کے لئے حکمت عملی طے کرنی ہوگی۔

اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے معاملے میں پیپلزپارٹی نے باپ سے حمایت مانگ کر سب کو مایوس کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قائد حزب اختلاف سے متعلق پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں سے بھی جلد مشاورت کریں گے۔

یاد رہے کہ  سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 21 سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی جب کہ یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر 30 سینیٹرز کے دستخط تھے۔ 

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے درخواستوں پر ایک ایک سینیٹر سے ان کے دستخط کی تصدیق کی جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے یوسف رضاگیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔