سندھ میں پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، حاملہ خاتون قتل، پولیس کسی کو گرفتار نہ کرسکی

سندھ میں پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، حاملہ خاتون قتل، پولیس کسی کو گرفتار نہ کرسکی
صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں علاج کے لئے ہسپتال آنے والی حاملہ خاتون کو رکشہ سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جبکہ لاش سڑک پر پڑی رہی۔

عینی شاہدین کے مطابق رکشہ سوار حاملہ خاتون کی شناخت کرکے اسے گولی ماری گئی۔ حاملہ خاتون کو قتل کرنے کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی تو اس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش سول ہسپتال منتقل کر دی۔ خاتون کی شناخت بینظیر عمرانی کے نام سے ہوئی ہے۔ آخری اطلاع تک کیس داخل نہیں ہو سکا۔

تفصیل کے مطابق گذشتہ رات سانگھڑ کے نواحی گاؤں عبدالکریم لغاری کے قریب لغاری پیٹرول پمپ کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے 30 سالہ خاتون کو رکشہ سے اتار کر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر سانگھڑ پولیس ایمبولینس سمیت جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دی خاتون کی شناخت بینظیر عمرانی کے نام سے ہوئی جو نواز شریف بگٹی کی بیوی تھی۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک شخص نے نیا دور کو بتایا کہ کہ بینظیر عمرانی علاج کے لئے رکشہ میں ہسپتال آرہی تھی کہ گاؤں عبدالکریم کے سامنے دو موٹر سائیکلوں پر پانچ مسلح افراد نے شناخت کرکے خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

قتل کی وجہ پسند کی شادی بتائی جاتی ہے۔ بینظیر عمرانی نے نواز شریف بگٹی سے پسند کی شادی کی تھی۔ مقتولہ حاملہ ہونے کے ساتھ تین بچوں کی ماں تھی۔ واقع کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے تاہم آخری اطلاع تک واقع کا کوئی کیس داخل نہیں ہو سکا۔

مقتولہ کے دیور نے ہسپتال میں صحافی دلیپ کمار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے بھائی نواز شریف بگٹی نے مقتولہ بینظیر عمرانی سے آٹھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں کے تین بچے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ ماہ قبل ہمارے بھائی پر بھی حملہ ہوا تھا۔ اب وہ گھر پر معذوری کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ حاملہ خاتون کے دیور نے مزید بتایا کہ حملہ عمرانی قبیلے کے افراد نے کیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا۔ پولیس نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔