کالا چشمہ جچدا اے- جچدا اے سوہنے مکھڑے تے

کالا چشمہ جچدا اے- جچدا اے سوہنے مکھڑے تے
کالا چشمہ ایسا فیشن ہے کہ جو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود پوری طرح قائم و دائم ہے، بلکہ وقت اور بڑھتی 'دھوپ' کے ساتھ یہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ کالے تل کی 'کمی' بھی کالے چشمے نے پوری کی ہے۔ حسیں چہروں پر کالا تِل جہاں نظر بٹو اور خوبصورتی کے لئے دو طرفہ کام دیتا تھا تو سَن گلاسز، جہاں سن نہ بھی ہو، آنکھیں 'بچانے' سے لے کر کئی جگہ کام آتا ہے۔ البتہ اس کی ‘میچنگ' سوہنے اور گورے مکھڑے پر ہی ہے۔

شیلا کی جوانی سے لے کر کئی مشہور اور آئٹم گانے انڈیا میں لندن کی برطانوی نژاد اداکارہ کترینہ کیف پر فلمائے گئے ہیں جن میں آخری انتہائی مقبول گانا 'کالا چشمہ' تھا۔ سنا ہے 'وکترینہ' شادی پر یہی 'ہاٹ' آئٹم سونگ ہوگا۔ اور کیوں نہ ہو؟ جتنا یہ ملن تقریب پر 'سوٹ' کرے گا، شاید ہی کوئی اور چیز کرے۔

کترینہ کیف کی وکی کوشل سے شادی نے واقعی سوہنے مکھڑے پر 'کالے چشمے' کا جوڑ صحیح ثابت کر دیا ہے۔ شیلا کے جوان ہونے کے بعد اس کے ممکنہ جوڑ کے لئے بالی ووڈ کے بڑے بڑے نام سلمان خان سے لے کر رنبیر کپور تک کی آواز گردش کرتی رہی، لیکن کئی سالوں کی محنت کے بعد انڈسٹری میں ابھی قدم جمانے والے وکی نے کیٹ کے ساتھ نتھی ہو کر کسی حد تک حیران کر دیا ہے، خاص کر جب لگتا تھا کہ وہ سلو بھائی کی طرز پر شادی سے 'بچتی' ہی جائیں گی۔

وکترینہ کی شادی کے لئے اس بات کی بھی بحث ہے کہ نکاح وغیرہ کی رسمیں کس مذہب کی بنیاد پر کی جائیں گی؛ ہندو، کرسچین، مسلمان یا مکس ٹائپ کوئی رسم نبھائی جائے گی۔ رسم کے علاوہ اصل آئٹم یا ایٹم بم کالے چشمے والا گانا ہوگا جس میں دلہا اور دلہن پرفارم کریں گے۔ بہتر ہے کہ بجائے مکس پلیٹ کے اور رواج نبھانے کے اسی گانے کے دوران ردھم سے ایجاب و قبول ہو جائے، تو پرفیکٹ 'ری مکس' بھی ہوگا، اور الگ اور منفرد انداز، جو کترینہ سے منسوب ہے، کا اعادہ بھی ہو جائے گا۔

بالی ووڈ کی باربی ڈول کا ایک جداگانہ انداز رہا ہے۔ زبان تو تھی ہی، ٹھمکوں میں بھی ولایتی ٹچ تھا۔ اگر چہ سلمان خان سے ان کی جوڑی مشہور رہی لیکن وہاں بھی انہوں نے ایک فاصلہ رکھا کہ کسی کو اس پر زیادہ مصالحہ لگانے کا موقع نہیں دیا۔ اب سب سے حیران کن بات کہ ڈرون کانوں والے میڈیا کو اپنے 'خالص' رومانس کی بھنک نہیں پڑنے دی۔ البتہ چونکہ پیار کا کنکشن تو دلوں میں ہو سکتا ہے، پر بیاہ کے لئے فنکشن ضروری ہے تو اس خبر کو راز رکھنا اور سرپرائز دینا ناممکن تھا۔ پھر بھی دونوں پارٹیاں ڈھیٹوں کی طرح انکار کرتی رہیں، حالانکہ کیٹ کے بیاہ کی تقریب اگر چاند پر بھی ہوتی تو اس کی خبر زمین پر پہلے ہی پھیل جانی تھی، جے پور کتنا دور ہے!

دیپ ویر، پری جونز، ویروشکا، اور اب وکترینہ۔ لگتا ہے کہ 'ٹو سٹار ویڈنگ' دنیا کی بڑی فلم انڈسٹری کا ایک 'پارٹ بن چکا ہے کہ قریباً یہ فلمی شادیاں ہر سال 'باری' سے ہوتی ہیں ۔ممکن ہے اگلے سال 'رن بھٹ' کی باری ہو۔

سب کی نظریں شادی آف دی ایئر پر ہیں۔ کون سے گانے ہوں گے، کیسی تقاریب ہوں گی، کیسے جوڑے پہنے اور پہنائیں جائیں گے؟ رئیلٹی میں مووی اور مووی میں رئیلٹی تلاش کی جائے گی۔ مہمانوں کی لسٹ اور آئے گئے مہمانوں  میں سلو بھائی کا خصوصی ذکر ہو گا۔ دونوں صورتوں میں 'ٹرین' تو مس ہے، لیکن یہی ان کا سٹائل ہے اور 'نئی' بات ساری سٹائل کی ہی ہے۔ ایکٹنگ ویکٹنگ کا اب کوئی کام نہیں۔

اگرچہ ٹاپ اور خوبصورت ترین ایکٹریس کا ساتھ وکی کوشل کی لاٹری بھی سمجھی جا رہی ہے، لیکن کریئر کا کک سٹارٹ، فیملی بیک گراؤنڈ، اور کترینہ سے زیادہ جوان ہونا وکی کی خوبیوں کو ایک میچنگ گلاسز بنا دیتی ہے، جسے کیٹ جسی ہیروئن نے 'دیکھ' کر ہی لگایا ہو گا نا!

اب زیادہ تر سکرین شہزادیوں کی محبتیں کولیگز میں ہی پوری ہو جاتی ہیں۔ کیونکہ ساتھی دیکھا بھالا بھی ہوتا ہے اور اب اس کی کمائی بھی شہزادوں کی طرح ہو چکی ہے۔ بات تو صحیح فلمی ہو، جب کوئی شہزادی کسی ہارے لکڑ ہارے کو پسند کرے، کیوں بھئی کروڑوں 'باربی ہارو'!