منشیات کیس میں پھنسانے کی دھمکیاں، انڈین اداکارہ نے خود کشی کرلی

منشیات کیس میں پھنسانے کی دھمکیاں، انڈین اداکارہ نے خود کشی کرلی
ایک انڈین اداکارہ نے منشیات کیس میں پھنسانے اور گرفتار کرنے کی دھمکیاں ملنے پر خود کشی کر لی ہے۔ اس ایکٹریس کی عمر محض 28 سال تھی۔

انڈین میڈیا کے مطابق آنجہانی اداکارہ کو دو آدمیوں نے این سی بی افسر بن کر ڈرایا تھا۔ یہاں تک کہ اداکارہ کو پھنسانے کی دھمکی بھی دی۔ جس کے بعد اداکارہ نے خوف کے مارے خود کو ختم کر لیا۔

خبر کے مطابق آنجہانی ایک بھوجپوری اداکارہ تھیں۔ پولیس کو معلوم ہوا کہ خاتون نے حال ہی میں ایک ہوٹل میں تین دوستوں کے ساتھ ایک پارٹی میں شرکت کی تھی، جہاں دو آدمی این سی بی افسر ظاہر کرتے ہوئے اس کے پاس گئے اور کہا کہ انہیں منشیات لینے کے الزام میں گرفتار کیا جائے گا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ متوفی اور اس کے دوست خوفزدہ ہوگئے اور ان سے مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی۔ ملزمان نے 40 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور بالآخر 20 لاکھ روپے میں تصفیہ ہو گیا۔

اداکارہ اس بات سے کافی پریشان تھیں اور ڈپریشن میں چلی گئیں۔ جس کے بعد اداکارہ نے 23 دسمبر کو جوگیشوری (مغربی) میں اپنے کرائے کے مکان میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔

اس پورے معاملے پر انڈین پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو تھانے میں خود کشی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جس میں ایک خاتون نے گلے میں پھندا ڈال کر جان لے لی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ 20 دسمبر کو یہ خاتون اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک ہوٹل میں پارٹی کر رہی تھی جہاں کچھ لوگ پہنچ گئے اور کہا کہ یہاں این سی بی کا چھاپہ پڑا ہے۔

ان لوگوں نے خود کو این سی بی کا افسر بتایا اور اداکارہ کے خلاف کیس بنانے کی بات کی۔ ساتھی نے کہا کہ اگر خاتون چاہتی ہے کہ مقدمہ نہ بنے تو اسے 20 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔

ان جعلی افسران نے روزانہ فون کرکے خاتون کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ اس سب سے پریشان ہو کر خاتون نے گھر میں پھانسی لگا کر اپنی جان لے لی۔

پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی دفعات 306، 170، 420، 384، 388 اور 389، 120 بی کے تحت 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔