ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوازنیگر کے مداحوں کیلئے بری خبر

ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوازنیگر کے مداحوں کیلئے بری خبر
ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوازنیگر کے مداحوں کیلئے بری خبر ہے کہ ان کی اہلیہ کیساتھ 10 سال بعد باقاعدہ طلاق ہو گئی ہے۔

آرنلڈ شوازنیگر کی امریکی صحافی مریا شرائیور کیساتھ شادی ہوئی تھی تاہم دونوں نے 10 سال قبل ہی علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اب دونوں میں باقاعدہ طلاق ہو گئی ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کی عدالت نے طلاق کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ایکشن سٹار آرنلڈ شوازنیگر اور ایوارڈ یافتہ صحافی مریا شرائیور کی شادی 1986 میں ہوئی تھی۔

تاہم آرنلڈ شوازنیگر نے شادی کے دوران ایک دن انکشاف کیا تھا کہ وہ گھر کے سٹاف کی ایک رکن کے بچے کے والد ہیں جس کے بعد 2011 میں مریا شرائیور نے طلاق کی درخواست دائر کردی تھی۔

اس انکشاف کے بعد میڈیا میں ہلچل مچ گئی تھی لیکن دونوں نے عدالت میں یا لوگوں کے سامنے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کیے بغیر طلاق کے معاملات کو خاموشی سے انجام دیا۔

یہ بات اب تک واضح نہیں کہ طلاق کے عمل میں اتنا وقت کیوں لگا ہے۔ دونوں کے درمیات مالی معاملات کو بھی سامنے نہیں لایا گیا ہے۔ آرنلڈ شوازنیگر اور مریا شرائیور کے چار بچے ہیں جو سب بڑے ہوگئے ہیں اور کون کس کے ساتھ رہے گا اس کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔

سیٹلمنٹ کے کاغذات کے مطابق دونوں میں سے کسی پر بھی ایک دوسرے کی ذمہ داری اٹھانا لازمی نہیں ہے، لیکن دونوں مستقبل میں اسے عدالت کے ذریعے حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ دونوں کے وکلا کو معاملے پر کمنٹ دینے کے لیے پیغام بھیجا گیا تھا جس کا جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ آرنلڈ شوازنیگر نے باڈی بلڈر کے طور پر کامیاب کیریئر کے بعد ’ٹرمینیٹر‘ جیسی فلموں میں ایکشن رولز ادا کر کے خطیر رقم کمائی ہے۔

2003ء کے کیلیفورنیا کے ریاستی انتخابات میں آرنلڈ شوازنیگر کو گورنر منتخب کیا گیا تھا۔ اس وقت آرنلڈ شوازنیگر نے اپنے فلمی کیریئر کو ایک طرف رکھ کر دو مرتبہ گورنر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔

اس عہدے سے ہٹنے کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ 1990ء کے اواخر میں گھر کی ایک سٹاف ممبر سے ان کی ایک اولاد ہوئی تھی جس کی عمر اب 24 سال اور نام جوزف بائینا ہے۔ اس کے بعد 2011 میں مریا شرائیور نے طلاق کی درخواست دائر کردی تھی۔