سلمان خان پر تنقید، بھارتی سنگر کو ریپ اور قتل کی دھمکیاں

سلمان خان پر تنقید، بھارتی سنگر کو ریپ اور قتل کی دھمکیاں
ایک بھارتی گلوکارہ سونا موہاپاترا نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان پر تنقید کی وجہ سے ان کو قتل اور ریپ کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔

انڈین گلوکارہ نے کہا کہ 2016ء میں فلم 'سلطان' کی پبلسٹی کے دوران سلمان خان نے جب جنسی زیادتی کا شکار خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کئے تو میں نے ان پر کڑی تنقید کی۔ اس کے نتیجے میں مجھے جنسی زیادتی اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں ملتی رہیں۔

انہوں  نے کہا کہ سلمان خان نے کہا تھا کہ وہ فلم سلطان کی شوٹنگ کے بعد ایسا محسوس کر رہے تھےکہ جیسے جنسی زیادتی کے بعد کوئی عورت ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مجھ پر سخت تنقید کی گئی اور مجھے قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں، یہی نہیں بلکہ سٹوڈیو میں کام کے دوران مجھے لنچ باکس میں فضلہ بھیج کر اذیت دی گئی۔

گلوکارہ سونا موہاپاترا نے کہا کہ فحش مواد والی ویب سائٹس پر میری ایڈیٹ کردہ تصاویر بھی لگا دی گئی تھیں۔ وہ وقت میرے اور میری فیملی کے لیے انتہائی اذیت ناک تھا، ہم سب کو اس دوران انتہائی خوف ناک صورت حال سے گزرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ جب سلمان نے اپنی فلم 'بھارت' میں کام سے انکار کرکے شادی کے لئے بیرون ملک جانے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی تھی تو اس وقت بھی میں نے پریانکا کی حمایت کی تھی اور اس مرتبہ بھی مجھے انتہائی شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔