کراچی پریس کلب میں خالد حمید فاروقی اور جانِ عالَم کی یاد میں تقریب

کراچی پریس کلب میں خالد حمید فاروقی اور جانِ عالَم کی یاد میں تقریب
یورپ میں جیو نیوز کے نمائندے اور سینئر صحافی، مرحوم خالد حمید فاروقی اور سینئرسیاسی و سماجی رہنما ایڈووکیٹ جانِ عالم کی یاد میں پروگریسیو تھاٹس انٹرنیشنل کی جانب سے کراچی پریس کلب میں ایک شان دار تقریب ’’بیادِ خالد حمید فاروقی اورجانِ عالم‘‘ (In Loving Memory) کے عنوان سے منعقد کی گئی۔

تقریب میں ملک کی نامور صحافتی، سیاسی سماجی،علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے مرحومین کی سیاسی اور انسانی حقوق کی جدوجہد اور قربانیوں پر اُنھیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کی صدارت علی خاقان مرزا نے کی جب کہ مہمانانِ خاص میں پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، سابق معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ اور انچارج پیپلز سیکرٹریٹ سندھ فرید انصاری، پروفیسر توصیف احمد، ضیا احمد اعوان ایڈوکیٹ اور سینئر مزدور رہنما منظور رضی شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خالد حمید فاروقی ایک بے باک اور ایمان دار صحافی تھے۔ خالد حمید فاروقی نے صحافت میں اپنے سینئرز کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صاف ستھری صحافت کو جاری رکھا۔

تمام مقررین اس بات پر متفق تھے کہ خالد حمید فاروقی نے اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کو ایمانداری سے ادا کیا۔ پاکستان کے تمام سیاسی رہنما اور سیاسی کارکن اُن کا دل سے احترام کرتے تھے۔

مقررین نے نوجوان صحافیوں کو خالد حمید فاروقی کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔ مقررین نے جانِ عالم ایڈوکیٹ کی سیاسی و سماجی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں خراجِ عقدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں باہمی احترام اور رواداری کے امین تھے۔ آمریت کے دور میں جیل اور جلا وطنی کی تکالیف برداشت کیں لیکن اپنے اصولوں سے انحراف نہیں کیا۔

مقررین نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے میدانوں میں جمہوریت کے استحکام اور انسانی حقوق کے لیے بھرپور طریقے سے آوازاٹھائی۔مرحومین نے ہمیشہ سادہ طرزِ زندگی اپنائے رکھا اور مشکل سے مشکل حالات میں بھی خود داری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔



جن اہم شخصیات نے خالد حمید فاروقی اور جانِ عالم کو خراج عقیدت پیش کیا ان میں حبیب الدین جنیدی،فرید انصاری، پروفیسر توصیف احمد خان، ضیااحمد اعوان،منظور رضی، لیاقت کاظمی،مجاہد بریلوی، ڈاکٹر جبار خٹک، کرامت علی، ڈاکٹر وحید جمال، اظہر جمیل، جعفر الحسن،ابرار الحسن، اور جمیعت کراچی کے سابق ناظم اسامہ بن عزیز شامل تھے۔

آخر میں علی خاقان مرزا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جانِ عالم اور خالد حمید فاروقی کو شان دار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔انھوں نے مرحومین کے ساتھ دورِ آمریت میں جیل، جلا وطنی اور جدوجہد کے لمحات بھی بیان کئے۔

تقریب میں شریک مہمانوں میں سینئر صحافی طاہر نجمی، پی ایس ایف کراچی کے سابق صدر اور سینئر رہنما لیاقت کاظمی، خالد حمید فاروقی کے بھائیوں انور سعید فاروقی، کاشف رئیس فاروقی اور ان کی بھتیجی حرا سعید فاروقی، مرحوم جانِ عالم ایڈوکیٹ کے فرزند جمشید عالم، ایڈوکیٹ خلیل قریشی،مرحوم معراج محمد خان کے صاحب زادے خاقان محمد، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نور محمد غازی، حسین نواز بلوچ،ترکی سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سینئر پارٹی رہنما شاہد الیاس، اشرف میمن، حسن انصاری، محمد علی انصاری اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

خصوصی رپورٹ: حرا سعید فاروقی

 

حرا ایک میڈیا پروفیشنل اور لکھاری ہیں جو بنیادی طور پر سماجی مسائل بالخصوص خواتین کے مسائل پر قلم کشائی کرتی ہیں۔