بلوچستان: تین اراکین اسمبلی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کل ہوگا

بلوچستان: تین اراکین اسمبلی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کل ہوگا
باوثوق ذرائع کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تین اراکین اسمبلی، ظہور بلیدی، سلیم کھوسہ اورعارف حسنی کل پاکستان پیپلزپارٹی میں اپنی شمولیت کا علان کریں گے۔ ان کے علاوہ دو سابق اراکین اسمبلی عبدالروف رند اور اصغر رند چند ہی گھنٹوں میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔

یاد رہے کہ ظہور بلیدی جام حکومت میں وزیر اور موجودہ حکومت میں سینئر وزیر بھی رہ چکے ہیں اور اب موجودہ وزیراعلٰی عبدالقدوس بزنجو سےاختلافات کی وجہ سے عملی طور پر بلوچستان کی موجودہ حکومت کے مخالفین میں شمار ہوتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق "بلاول بھٹو پراجیکٹ" پر کام میں تیزی آ گئی ہے اور چونکہ پنجاب میں بلاول بھٹو کا فوری طور پر مقبول ہو جانا تقریبا ناممکن تصور ہو رہا ہے اس لئے چھوٹے صوبوں سے مختلف سیاسی گروہوں اور طاقتور سیاسی لوگوں کو پیپلزپارٹی میں شامل کروایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے پر تول رہے ہیں۔