'پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ بھی خود خریدتا ہے'

'پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ بھی خود خریدتا ہے'
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات سامنے رکھ دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ بھی خود خریدتا ہے اور ہوٹل کا بل بھی خود ادا کرتا ہے۔

حال ہی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں پاکستانی دفتر خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کی۔ اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنے بیرون ملک دوروں کے اخراجات کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ڈالتا اور اگر ایسا کرتا بھی تو بطور وزیر خارجہ یہ میرا استحقاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر لوگ شاید چھٹی منانے بیرون ملک دوروں پر جاتے ہیں مگر مجھ سے گدھے کی طرح بہت کام لیتے ہیں۔ میرے بیرون ملک دوروں کا فائدہ میری ذات کو نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے۔ میرے بیرون ملک دوروں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوئے۔ میری محنت کی وجہ سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت جی 77 یعنی پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کی قیادت کررہا ہے، ہم نے کوپ 27 میں تباہی سے ازالے کو ایجنڈے میں شامل کروایا اور یہ پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ ہماری جی 77 اصلاحات کی دستاویز کو ملاحظہ کریں۔ دنیا کے تمام ترقی پذیر ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فنانشل ادارے امیر ممالک کے بجائے غریب ممالک کو فائدہ دیں۔