'الیکشن پیشگوئی سے نہیں ہوتے'، مریم اورنگزیب کا عمران خان کو کرارا جواب

'الیکشن پیشگوئی سے نہیں ہوتے'، مریم اورنگزیب کا عمران خان کو کرارا جواب
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی الیکشن کے حوالے سے کی گئی پیشگوئی پر رد عمل سامنے آگیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن پیشگوئیوں سے نہیں آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہوتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے انتخابات کی مارچ اور اپریل 2024 کی پیشنگوئی کی ہے؟ ڈیل تو آپ جنرل باجوہ سے تاحیات ایکسٹنشن کی آفر کر کے کرنا چاہتے تھے ڈیل تو آپ ایف آئی کے ڈی جی سے کرنا چاہتے تھے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ڈیل تو آپ نے طیبہ گل کو وزیراعظم ہاؤس میں اغوا کر کے کی۔ ڈیل تو آپ نے نیب کے چئیرمین سے بھی کی۔مہنگائی، بے روزگاری کی ٹھیس پہنچائی جس کا درد آج تک جاری ہیں۔ کشمیر ، قومی مفادات اور تاریخی قرضے کی ٹھیس پہنچائی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آج  لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی۔ آخری ایک سال میں پتہ چلا جنرل ریٹائرڈ باجوہ احتساب چاہتے ہی نہیں۔ جنرل ریٹائرڈ باجوہ سمجھتے رہے پی ٹی آئی کا عروج کم ہو گا لیکن ہوا نہیں۔ کوئی صحیح آرمی چیف ہوتا تو ہم ملک میں صفائی کر دیتے۔

عمران خان نے کہا  کہ اسٹیبلشمنٹ اس ملک کی حقیقت اور طاقت ہے۔یہ اسٹیبلشمنٹ پر ہے کہ وہ پوزٹیو رول ادا کرتی ہے یا نیگیٹو ۔جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے دور میں نیگیٹو رول رہا۔ ابھی فوج کا نیا سیٹ اپ آیا ہمیں وقت دینا چاہیے۔

پارٹی فنڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس فنڈنگ کی کوئی رسید نہیں۔ ہمارے پاس 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا بیس موجود ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا سب جماعتوں کا اکٹھا کیس چلے۔ الیکشن کمیشن کنٹرولڈ ہے اور جنرل باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ ق لیگ کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا ہے۔ کسی کے اقتدار کی خاطر میں عوام کے اعتماد کو ٹیس نہیں پہنچاؤں گا ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دو تین دن میں اعتماد کا ووٹ لے لیں گے۔ زرداری کرپشن کے پیسوں سے ارکان کو خرید رہے ہیں۔ پیر کو استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی جائیں گے۔ میری پیشگوئی ہے کہ عام انتخابات مارچ اپریل میں ہو جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سیاست چھوڑ دوں گا لیکن سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ مجھے پتہ ہے یہ میری مقبولیت کم کرنے کے لیے آڈیو  ویڈیو لیکس اور مجھے نااہل کرنے کی کوشش کریں گے۔عوام میرے ساتھ ہے مجھے ان کے پروپیگنڈا کی کوئی پرواہ نہیں۔