متحدہ عرب امارات نے کسی پاکستانی پر ویزے کی پابندی نہیں لگائی؛ دفتر خارجہ

متحدہ عرب امارات نے کسی پاکستانی پر ویزے کی پابندی نہیں لگائی؛ دفتر خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کسی پاکستانی پر ویزے کی پابندی نہیں لگائی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز بلوچ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے کسی بھی شہری پر ویزا دینے کی کوئی پابندی عائد نہیں کی اور نہ ہی کسی خلیجی ریاست نے پاکستان کے مخصوص شہروں کو ویزا کے لیے بلیک لسٹ کیا ہے۔

اس سے قبل کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے بھی پاکستانی شہریوں کے لیے یو اے ای ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کو جھوٹی خبر قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت کی جانب سے ویزے کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، پاکستانی شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے سیاحتی یا دیگر کسی بھی ویزا کے لئے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ پاکستانیوں کو ہر کیٹگری میں ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس طرح کے پوسٹرز گردش کر رہے ہیں جن میں درج ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔