استعفوں کی منظوری کا معاملہ، سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کو صاف انکار

استعفوں کی منظوری کا معاملہ، سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کو صاف انکار
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف   نے پی ٹی آئی کی اجتماعی استعفے منظور کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایک کرکے پیش ہوں تصدیق کریں تو استعفے منظور ہوجائیں گے۔

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور اجتماعی استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی کے وفد میں سابق اسپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، فہیم خان، عطا اللہ، امجد خان نیازی،  طاہر اقبال، زاہد اکرم درانی  و دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے سپیکر کو مطالبات تحریری طور پر جمع کرادیے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم نے اجتماعی استعفے دیے کہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ ہم نے کسی کی انٹرٹینمنٹ کے لیے استعفے نہیں دیے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے۔

تاہم سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے تحریک انصاف کی جانب سے  ممبران قومی اسمبلی کے اجتماعی استعفے منظور کرنے کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔  ایک ایک کرکے پیش ہوں تصدیق کریں تو استعفے منظور ہوجائیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے۔ سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیے۔

https://twitter.com/NAofPakistan/status/1608355482464583680?s=20&t=19TgCmS-aIG1V1lSQXY1Mg