ملک بھر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 جبکہ شادی ہال رات 10 بجے بند کرنے کا اعلان

ملک بھر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 جبکہ شادی ہال رات 10 بجے بند کرنے کا اعلان
وفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کے لئے نیا منصوبہ جاری کر دیا جس کے مطابق ملک بھر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے جبکہ شادی ہال رات 10 بجے بند کرنے کر دیے جائیں گے۔

یہ اعلان وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سرکاری اداروں کے بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائے جائے گی۔ امید ہے اس منصوبے سے سالانہ 62 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں دفاتر اور مارکیٹوں کے اوقات کار پاکستان سے مختلف ہیں۔ پاکستان میں مارکیٹیں اور ریسٹورنٹ رات ایک دو بجے تک کھلے رہتے ہیں جبکہ دفاتر کا بھی یہی حال ہے۔ ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے، ہماری عادات واطوار باقی دنیا سے مخلتف ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یکم فروری سے فلامنٹ والے بلب تیار نہیں ہوں گے جو بجلی زیادہ لیتے ہیں، اس سے 22 ارب روپے کی بچت ہوگی جبکہ تمام سرکاری ادارے بجلی کی بچت کے لئے کم بجلی استعمال کرنے والے آلات لگائیں گے۔ غیر مؤثر آلات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔