'باجوہ نے عمران خان کی کیسے مدد کی سب سامنے آرہا ہے'، وزیر اعظم نے بھی اعتراف کر لیا

'باجوہ نے عمران خان کی کیسے مدد کی سب سامنے آرہا ہے'، وزیر اعظم نے بھی اعتراف کر لیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کیلئے فوج کی ساری صلاحیتیں جھونک دیں۔ عمران خان کو کامیاب کرنے کے لیے اداروں نے ہر قسم کی صلاحیت استعمال کی جبکہ باجوہ نے عمران خان کی کس طرح مدد کی وہ سب کے سامنے آ رہا ہے۔

اسلام آباد میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام سے خوشی ہوئی۔ عوام کو ریلیف دینے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ امیر مقام نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور فلاحی کاموں کی بات کی ہے۔ امیر مقام کی جانب سے تمام گزارشات کو سن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں اور فلاح کے کاموں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ہزارہ سمیت ملک بھر میں گیس کے منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کریں گے۔ مئی میں جلسے کے دوران بجلی کمپنی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان آج اپنی 4 سالہ کارکردگی کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔ زندگی میں عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش انسان نہیں دیکھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان آج اقتدار پر بٹھانے والوں پر الزامات لگا رہے ہیں اور عمران خان کی بدقسمتی 4 سال سپورٹ کے بعد بھی خان بطور وزیر اعظم  ناکام ہوئے ۔ عمران خان کو کامیاب کرنے کے لیے اداروں نے ہر قسم کی صلاحیت استعمال کی جبکہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کی کس طرح مدد کی وہ سب کے سامنے آ رہا ہے لیکن اس سے مجھے کوئی سروکار نہیں۔ گزشتہ حکومت نے ہر معاملے میں مجرمانہ غفلت کی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کو اقتدار میں لے کر آئے ان پر ہی الزامات لگا رہا ہے۔گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور ان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔  عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر دیا۔  عمران خان جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے بارے میں جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ کوئی نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک کا جنازہ نکال دیا اور چینی کمپنیوں پر کرپشن کے بےبنیاد الزامات لگائے۔ گزشتہ حکومت نے ہر معاملے میں مجرمانہ غفلت کی۔ عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بجائے عمران خان نے الزامات لگائے اور دوست ممالک نے 75 سال میں اربوں ڈالر بغیر شرط کے دیئے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) مینجنگ ڈائریکٹر چین گئی تو میرے فرشتوں کو بھی پتہ نہیں تھا اور چینی وزیر اعظم نے بتایا کہ ان سے کہا کہ پاکستان ہمارے بھائیوں کی طرح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا جو کچھ چینی وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کو پاکستان سے متعلق کہا۔ ہم اب امیروں پر ٹیکس لگائیں گے۔