جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کس طرح عمران خان کی مدد کرتے رہے وہ سب سامنے آ رہا ہے، شہباز شریف

جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کس طرح عمران خان کی مدد کرتے رہے وہ سب سامنے آ رہا ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ عمران خان کی مدد کرتے رہے ہیں، وہ کس طرح مدد کرتے رہے ہیں اب سب عوام کے سامنے آ رہا ہے۔

شہباز شریف ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش شخص نہیں دیکھا، عمران خان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے کس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب کے سامنے آ رہا ہے، افواج پاکستان نے ساری کاوشیں جھونک دیں تاکہ عمران خان کامیاب ہوں، باجوہ صاحب نے کوشش کی کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان آگے بڑھے لیکن بطور وزیراعظم عمران خان ناکام ثابت ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو مسند اقتدار پر بٹھایا ان پر ہی عمران خان الزامات لگا رہا ہے، آج عمران خان جنرل باجوہ کے لیےکیا الفاظ استعمال کر رہے ہیں؟ گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے برادر ممالک جنہوں نے پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیا، اس شخص نے انہیں بری طرح ناراض کیا، میں وہ باتیں یہاں نہیں رکھ سکتا کیونکہ میرا منصب اس کی اجازت نہیں دیتا، اگر میں ذرا سی بات کر دوں تو آپ اپنی انگلیاں دانتوں سے کاٹ لیں گے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف نے پہلی دفعہ جنرل (ر) باجوہ کا دفاع کرتے ہوئے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔