عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری
توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے چار رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ۔

الیکشن کمیشن نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔  الیکشن کمیشن نے وارنٹ گرفتاری کیس میں عدم پیشی پر جاری کئے ہیں۔

محفوظ فیصلہ میں تینوں رہنماؤں کو ضمانت کے لئے 50,50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس کی آئندہ سماعت 17 جنوری کو ہوگی۔

واضح رہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں جس پر الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر گزشتہ سماعت پر دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے متعدد مرتبہ نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود تینوں رہنما پیش نہیں ہوئے تھے۔

گزشتہ سماعت میں تحریک انصاف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کی صحت الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہونے کے قابل نہیں جب کہ فواد چوہدری کی والدہ کی طبیعت خراب ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے عمران خان کی طبیعت کے حوالے سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ طلب کیا تھا۔