سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے پر آمادہ

سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے پر آمادہ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ڈپازٹ 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ہدایت کردی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق ’شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ڈی ایف) کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں جمع رقم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی جس کا اعلان 25 اگست 2022 کو کیا گیا تھا‘۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی ترقیاتی فنڈ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائی گئی رقم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی ہے‘۔

سعودی پریس ایجنسی نے کہا کہ ’اس اقدام نے پاکستان اور اس کے عوام کو معاشی اعتبار سے تعاون فراہم کرنے پر سعودی عرب کے مؤقف کی توثیق کی ہے‘۔

ایجنسی کے مطابق ’یہ پیشرفت شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان حالیہ رابطے کے تناظر میں سامنے آئی ہے‘۔

یہ اعلان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر موجود چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی مدینہ میں شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم 10 ارب ڈالر کرنے کے لیے منصوبہ سازی شروع کردی گئی ہے جب کہ  زرمبادلہ ذخائر کے لیے ڈپازٹ کی رقم میں بھی اضافے پرغور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے 25 اگست 2022 کوسعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

ایس پی اے کے مطابق یہ حکم مملکت کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور وہاں کے عوام کی مدد کا اعادہ تھا۔

دسمبر 2022 میں اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ کی رقم 5 ارب ڈالر کردی گئی تھی  تاکہ پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔