علی سیٹھی دنیا کے سب سے بڑے میوزک فیسٹیول میں پرفارم کریں گے

علی سیٹھی دنیا کے سب سے بڑے میوزک فیسٹیول میں پرفارم کریں گے
سپر ہٹ گانے ’پسوڑی‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے گلوکار علی سیٹھی کیلیفورنیا کے صحرا کولوراڈو میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے میوزک فیسٹیول 'کوچیلا' میں پرفارم کریں گے۔

گلوکار، گیت نگار اور میوزک کمپوزر علی سیٹھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو میوزک فیسٹیول 'کوچیلا' میں آنے کی دعوت دیتے ہوئے امریکی میوزک فیسٹیول کا شیڈول شیئر کیا اور عنوان میں لکھا کہ 'آ جاؤ سارے کوچیلا، 13 جنوری سے ٹکٹوں پر سیل لگ رہی ہے'۔

'کوچیلا' امریکی میوزک فیسٹیول ہے جو کہ کیلیفورنیا کے صحرا کولوراڈو میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میوزک فیسٹیول میں دنیا بھر سے بڑے اور نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ رواں برس منعقد ہونے والے اس میوزک فیسٹیول میں پاکستان سے علی سیٹھی، بھارت سے دلجیت دوسانجھ اور دنیا بھر سے لگ بھگ 160 سے زائد گلوکار حصہ لیں گے۔

موسیقی کا یہ میلہ 14 سے 16 اپریل اور 21 سے 23 اپریل 2023 تک دو ویک اینڈ پر منعقد ہوگا۔ علی سیٹھی 14 اپریل سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول کے دوسرے روز اپنے سُروں کا جادو بکھیریں گے۔

علی سیٹھی معروف میوزک فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے دوسرے پاکستانی موسیقار بن جائیں گے۔ اس سے قبل گریمی ایوارڈ یافتہ امریکن پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب اس فیسٹیول میں پرفارم کرکے اپنی آواز کا جادو بکھیر چکی ہیں۔

علی سیٹھی نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 2011 میں اپنی پہلی البم Chaadar کے ساتھ کیا جسے ناقدین اور سامعین دونوں کی جانب سے یکساں طور پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ البم میں ان کی بااثر آواز اور اشتعال انگیز شاعرانہ دھنوں کی تعریف کی گئی۔

علی سیٹھی کے گانے کے انداز سے ان کی شاعری کی گہرائی نمایاں ہوتی ہے۔ انہیں کلاسیکی لوک موسیقی میں مہارت حاصل ہے۔