کراچی بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی خواتین کی جانب سے لاہور میں احتجاجی مظاہرہ

کراچی بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی خواتین کی جانب سے لاہور میں احتجاجی مظاہرہ
کراچی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور نتائج میں تاخیر کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سابق رکن قومی اسمبلی، جماعت اسلامی کی ڈائریکٹر امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر حمیرا طارق ،ثمینہ سعید، ربیعہ طارق ،عظمی عمران شریک ہیں جبکہ مظاہرین کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا گیا مگر الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت نے عوامی مینڈیٹ چوری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں پی پی نے تبدیلی کی جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور کراچی میں کامیابی کے بعد اسلام آباد میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے۔کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا حافظ نعیم الرحمٰن ہوگا اور بہت جلد اسلام آباد کے میئر میاں اسلم ہوں گے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بیان جاری کیا تھا کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آئی۔ پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہ 1970 ہے اور نہ 2018 کہ ہمارے ووٹ چوری کر کے کوئی ہماری سیٹیں چھین لے گا ۔اس دفعہ ہم اپنا حق چھین کر لیں گے ۔کراچی میں جماعت اسلامی پہلے نمبر پر آئی ہے اور حافظ نعیم الرحمن کراچی کے مئیر ہیں ۔ہم عوام کا حق کسی کو چوری نہیں کرنے دیں گے۔

کامران اشرف صحافت کے طالب علم ہیں۔