پیپلز پارٹی کے بانی رکن اور سینیئر صحافی خالد چودھری مرحوم کی رسم قل ادا کی گئی

پیپلز پارٹی کے بانی رکن اور سینیئر صحافی خالد چودھری مرحوم کی رسم قل ادا کی گئی
سینیئر صحافی خالد چودھری مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قل خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

خالد چودھری لاہور پریس کلب کے تاحیات رکن، فیلوشپ آف جرنلسٹس کے سرپرست اعلیٰ، پیپلز پارٹی کے بانی رکن، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے۔ مرحوم کی رسم قل گزشتہ روز ان کے چھوٹے بھائی اور ساحر ایسوسی ایٹس کے سی ای او ساحر رشید چودھری کی رہائش گاہ واقع خیابان امین ہاؤسنگ سکیم ڈیفنس روڈ لاہور میں ادا کی گئی۔

اس موقع پر شرکا نے ساحر رشید چودھری سے تعزیت کی اور خالد چودھری کی صحافتی و سیاسی خدمات پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ رسم قل کے دوران خالد چودھری مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور آخر میں معروف عالم دین علامہ ڈاکٹر سرفراز اعوان نے اجتماعی دعا کروائی۔

قل خوانی میں معروف صحافیوں سمیت سیاسی و کاروباری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ان میں مجیب الرحمان شامی، امتیازعالم، افتخار احمد، پرویز بشیر، شاعر بابا نجمی، ایم این اے رانا مبشر، پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری منور انجم، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم رضا، مشعل ساحر، احمد مجتبیٰ، بالاج ساحر، سینیئر صحافی خالد فاروقی، فراز فاروقی، فواد بشارت اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔