'پیپلزپارٹی جیتی تو وزیراعظم بنوں گا'

'پیپلزپارٹی جیتی تو وزیراعظم بنوں گا'
وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انوکھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی جیتی تو وہ وزیراعظم بنیں گے۔

امریکی اخبار کو انٹرویو کو انٹر ویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی جیتی تو وہ وزیراعظم بنیں گے اورمخلوط حکومت بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی نئی قیادت، سیاسی اور عسکری، دہشت گرد تنظیموں سے کوئی بات چیت نہیں کرے گی جو ملکی قوانین اور آئین کا احترام نہیں کرتیں۔

وزیر خارجہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے پاکستانی طالبان کو خوش کرنے کی پالیسی اپنائی۔ عمران خان نے نہ صرف اپنے قیدیوں کو رہا کیا جو پاکستان کی تحویل میں تھے بلکہ ان کے ساتھ بات چیت میں بھی مصروف تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔ حکومت دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے ان کے ساتھ تعاون کرے گی ۔افغانستان اور پاکستان دونوں کو دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کوئی بھی فریق اپنے طور پر اس لعنت کے خلاف کامیاب نہیں ہو سکتا۔