پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کےمستعفی ارکان کوکئی مرتبہ تصدیق کیلئے بلایا گیا.جس کے بعد ان کے استعفے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔

جن ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کئے گئے ان میں ریاض فتیانہ ، سردار طارق حسین ، محمد یعقوب شیخ ، مرتضی اقبال،سردار محمد خان لغاری، حاجی امتیاز چوہدری، لال چند اور جواد حسین شامل ہیں۔

نوشین حامد، منزہ حسن، صائمہ ندیم ، تاشفین صفدر، صوبیہ کمال خان، ظل ہما، رخسانہ نوید کا استعفیٰ بھی منظور، غزالہ سیفی اورطارق صادق بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی اراکینِ قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ہم 45 اراکینِ قومی اسمبلی اپنے استعفے واپس لے رہے ہیں۔ اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی اگر ہمارے استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفے چار مرحلوں میں منظور کئے گئے.پہلے میں 10، دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 35، 35اور پھر 43 استعفے منظور کئے گئے.