ق لیگ کے رہنما چوہدری وجاہت اور ان کے صاحبزادے کے خلاف مقدمہ درج

ق لیگ کے رہنما چوہدری وجاہت اور ان کے صاحبزادے کے خلاف مقدمہ درج
سوشل میڈیا پر ایم پی اے اور ایم این اے کے مبینہ اغواء کی سازش کے الزام میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کے قریبی رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کے کزن اور  چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چوہدری وجاہت حسین اور ان کے صاحبزادے موسی الہی کے خلاف مقدمہ غالب مارکیٹ لاہور میں درج کیا گیا ہے، اور مقدمے میں دہشت گردی اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مدعی مقدمہ نے ایف آئی آر میں بیان دیا کہ ٹویٹر پر وائرل آڈیو میں دونوں ملزمان خواتین ایم پی اے کو غائب کرنے کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے اور آڈیو کے بعد موسی الہی کوٹلہ عرب علی خان میں مسلح ہوکر لوگوں کو ڈراتا رہا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق دونوں ملزمان نے سوچی سمجھی سازش کے تحت اراکین اسمبلی کو غائب کرنے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارنے شروع کر دیے ہیں۔



واضح رہے کہ ق لیگ کے رہنما چوہدری وجاہت حسین کی اپنے بیٹے حسین الہٰی کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو میں پنجاب میں ووٹنگ کا ذکر کیاجارہاہے۔

مبینہ آڈیو میں چوہدری وجاہت کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’ووٹ کاؤنٹ ہوگا کہ نہیں؟‘ جس کے جواب میں حسین الہٰی کہتے ہیں ’جو ووٹ آف کانفیڈنس ہوگا، اس میں ہمارا ووٹ تو کسی طرف نہیں آئے گا۔‘

حسین الہٰی کہتے ہیں ’اُنہوں نے بس 186 پورے کرنے ہیں۔ نہیں 172 پورے کرنے ہیں نیشنل اسمبلی میں، پارلیمانی پارٹی اُن کے پاس ہے، ابھی پارلیمانی لیڈر تو مونس بھائی ہیں۔‘

مبینہ آڈیو میں حسین الہٰی کہتے ہیں ’اُن کے پاس تین ہیں اور ہم دو ہیں۔‘

چوہدری وجاہت حسین کہتے ہیں ’تو ایک عورت غائب کر دیں گے‘، جواب میں حسین الہٰی کہتے ہیں ’ہاں یہ ہے عورت غائب ہوجائے پھر کچھ ہوسکتا ہے۔‘

مبینہ آڈیو میں چوہدری وجاہت حسین کو کہتے سنا جا سکتا تھا کہ ’بوڑھی عورت ہے ویسے بھی مرنے والی ہے‘، جواب میں حسین الہٰی کہتے ہیں کہ ’مونس بھائی کو آئیڈیا دیتا ہوں، عورت کو ووکیشن پر بھیج دیں۔‘

چوہدری وجاہت حسین کہتے ہیں ’جی؟‘ حسین الہٰی دوبارہ کہتے سنے جاسکتے ہیں کہ ’مونس بھائی کو آئیڈیا دیتا ہوں، عورت کو ووکیشن پر بھیج دیں‘، جس کے جواب میں چوہدری وجاہت حسین کہتے ہیں ’اس کو غائب کرنے میں 10 منٹ لگنے ہیں اور لاہور میں کردیں گے۔‘