فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
سیشن عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما فواد چوہدری کا دو روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

پولیس نے سیشن عدالت کے حکم پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت ان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور پی ٹی آئی رہنما کو پیر کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل سیشن عدالت کے جج جسٹس طاہر محمود نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو جوڈیشل جیل بھیجنے کا حکم کالعدم قرار یتے ہوئے فواد چوہدری کو دوبارہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔

اسلام آباد پولیس نے 28 جنوری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف سیشن جج کے سامنے ای سی پی کے وکیل کی جانب سے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ درخواست میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےکر فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 27 جنوری کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روز کیلئے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔