توشہ خانہ کیس: عمران خان پر7فروری کو فرد جرم عائد ہو گی

توشہ خانہ کیس: عمران خان پر7فروری کو فرد جرم عائد ہو گی
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری مقدمے میں اُن پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عمران خان پر7 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

سیشن کورٹ اسلام آباد  کے ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف توشہ خانہ کیس سماعت کی۔اسلام آبادکی مقامی عدالت نےعمران خان پرفردجرم عائد کرنےکی تاریخ مقررکردی۔

دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ عمران خان کی طرف سے وکالت نامہ کدھر ہے؟ جس پروکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وکالت نامہ اس وقت تک نہیں آ سکتا جب تک عمران خان خود نہ آئیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سماعت پرعمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔عدالت نے ہدایت کی کہ آج وکالت نامہ بھی جمع کرا دیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ جب تک شورٹی بانڈز نہیں آ جاتے تب تک یہ وکالت نامہ نہیں دے سکتے۔عدالت کے حکم پر عمران خان کے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیے گئے اور  20 ہزار روپے کی شورٹی بھی دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر7فروری کو فردجرم عائد کی جائےگی۔

سیشن کورٹ اسلام آباد نےآج عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا تھا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف سیشن کورٹ کو شکایت بھیج رکھی ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی استدعا کر رکھی ہے۔

دوسری جانب انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں10 فروری تک توسیع کر دی۔

احتجاج اور دفعہ144 کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔

عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی عبوری ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لیے۔

جج راجہ جوادعباس حسن نے کیس کی سماعت کی جب کہ عمران خان کی جانب سے اُن کے وکیل ڈاکٹر بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے مؤقف اپنایا کہ طبی بنیادوں پر اور سیکیورٹی مسائل کے باعث عمران خان عدالت پیش نہیں ہوسکتے جس کے بعد جج راجہ جواد عباس حسن نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت10 فروری تک ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت اگلے 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن  نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت کی ہے۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا جبکہ درخواست گزار ایڈووکیٹ آفاق بھی پیش نہیں ہوئے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن نے فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی ۔