قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر ضمنی الیکشن 19 مارچ کو ہوگا۔

جاری کردہ اعلامیے کے تحت کاغذات نامزدگی 10 سے 14 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے جب کہ 18 فروری تک کاغذات کی سکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

امیدوار یکم مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ پھر امیدواروں کو 2 مارچ کو نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 2 سوات، این اے 3 سوات، این اے 5،6،7 لوئر دیر، این اے 8 مالاکنڈ، این اے 9 بونیر، این اے 16 ایبٹ آباد، این اے 19 صوابی، این اے 20 مردان، این اے 28 پشاور، این اے 30 پشاور، این اے34 کرک، این اے 40 باجوڑ، این اے 42 مہمند، این اے 44 خیبر میں  19 مارچ کو ضمنی الیکشن ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 61 راولپنڈی، این 70 گجرات، این اے 87حافظ آباد، این اے 93خوشاب، این اے 96 میانوالی، این اے 107 فیصل آباد، این اے 109فیصل آباد، این اے 135 لاہور، این اے 150 خانیوال، این اے 152 خانیوال میں ضمنی الیکشن ہوگا،  این اے 158 ملتان، این اے 164، این اے 165 وہاڑی میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 177 رحیم یارخان ، این اے 187 لیہ میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ تمام خالی ہونے والے حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے تاہم موجودہ صورت حال کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔