آل پارٹیز کانفرنس ایک بار پھر مؤخر

آل پارٹیز کانفرنس ایک بار پھر مؤخر
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث 9 فروری کو دہشت گردی کے مسئلے پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) مؤخر کردی گئی۔

حکومت کی جانب سے ایک بار پھر  اے پی سی ملتوی کرنے کے حوالے سے بیان سامنے آگیا جس کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزے سے ہونے والی بدترین تباہی پر اظہارِ افسوس اور یکجہتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ کردیں گے جس کے باعث حکومت نے کثیر الجماعتی کانفرنس مؤخر کردی گئی۔

منگل کو وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے۔ وہ صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یک جہتی کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے۔ اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہو گا۔

https://twitter.com/Marriyum_A/status/1622838441741283328?s=20&t=OLa6qSHuD6uPlIAAtXdoqQ

واضح رہے کہ کانفرنس کے لئے طے شدہ دن سے ایک روز قبل 6 فروری کو  اعلان کیا گیا تھا کہ شیڈول میں تبدیلی کے باعث کثیر الجماعتی کانفرنس 7 کے بجائے 9 فروری کو ہوگی۔ جس میں ملک کی تمام قومی وسیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ۔ اے پی سی میں دہشتگردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی جب کہ  نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہوگی۔

تاہم گزشتہ روز ترکیہ اور شام میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف اپنی تمام تر سیاسی مصروفیات ملتوی کر کے ترک قوم کے ساتھ اظہارِ افسوس اور یکجہتی کے لئے ترکیہ جارہے ہیں۔