'پشتو کو پختونخوا وطن کی سرکاری، تدریسی، عدالتی اور کاروباری زبان بنایا جائے'

'پشتو کو پختونخوا وطن کی سرکاری، تدریسی، عدالتی اور کاروباری زبان بنایا جائے'
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ( یونیسکو) کی جانب سے 21 فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کو منانے کے اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس قابل تحسین اقدام پر یونیسکو کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ پارٹی کو یہ یقین ہے کہ مادری زبانوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے یونیسکو کی سربراہی میں تمام اقوام عالم ایک دوسرے کو مدد اور تعاون فراہم کریں گی۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر پشتونخوا وطن اور ملک کے مختلف شہروں میں پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینارز، ریلیوں، مظاہروں، اجتماعات اور کوئٹہ کے مرکزی عظیم الشان اجتماع میں عوام کی شرکت پر ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا گیا ہے اور پارٹی کارکنوں کو داد تحسین پیش کی گئی ہے جنہوں نے پارٹی ہدایت پر ہر ضلع، شہر، علاقے میں اس دن کو بھرپور انداز سے منایا۔

جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع سمیت، خیبر پشتونخوا کے پشاور، چارسدہ، مردان، سوات و دیگر اضلاع و علاقوں، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، کراچی میں اس دن کو بھرپور انداز میں منایا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام مادری زبانوں کے اس دن کو منانے کا مقصد مادری زبانوں کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنا ہے۔

پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پشتو زبان کو تمام پشتونخوا وطن کی تدریسی، سرکاری، دفتری، کاروباری اور عدالتی زبان تسلیم کیا جائے۔ جبکہ پشتو زبان کے تحفظ اور اس کے فروغ و ترقی کیلئے کوششیں کرنا تمام پشتون عوام اور خصوصاً باشعور اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار افراد پر لازم ہے۔ اساتذہ، ادباء، شعراء، پروفیسرز، ڈاکٹرز، وکلاء، تاجروں اور طالب علموں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس کیلئے قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔

طالعمند خان فری لانس صحافی ہیں اور نیا دور کے لئے لکھتے ہیں۔